یوم یکجہتی کشمیر کل منایا جائے گا۔ مظفر آباد میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوگا

اسلام آباد: آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں اتوار کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہوگی اور سرکاری طور پرجموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

اس موقع پرپاکستانی عوام اور حکومت ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ وہ  مقبوضہ  جموںوکشمیر کے لوگوں کی تائید و حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیںاپنا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارلحکومتوں لاہور، کراچی ، پشاور، اور کوئٹہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی  کے بینروں سے سجایا گیا ہے ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا مظفر آباد میں خصوصی اجلاس ہوگا اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے ۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں سیاسی  و سماجی جماعتوں اورمختلف سرکاری و نجی محکموں، تعلیمی اداروں اور ادبی و ثقافتی تنظیموں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے کانفرنسوں، ریلیوں، سیمیناروں، مباحثوں اور مقابلوں کا اہتمام کیا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں بیرون ملک پاکستان کے سفارتی مشنز میں خصوصی تقریبات بھی ہوں گی ۔پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوںاور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرے گا۔دن کا آغاز شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعاوں، جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اعلی شخصیات کے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے ۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں  جمعہ کو ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ کی نمائش  انفارمیشن سروس اکیڈمی میں شروع ہوگئی ہے ۔

ادھر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج، لوک ورثہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وفاقی نظامت تعلیم کے تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں   جمعہ کو تین روزہ رنگا رنگ کشمیر کلچرل فیسٹیول شروع ہو گیا ہے۔ کشمیر کلچرل فیسٹیول کی تقریبات 5 فروری  تک جاری رہیں گی۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد  میں یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے ایک سیمینار بھی ہوا ۔پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویڑن نے حلقہ ارباب ذوق کے تعاون سے  یوم یکجہتی کشمیر مشاعرہ  بھی ہوگا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اس دن کے حوالے سے 07 فروری کو ایک سیمینار کا اہتمام کرے گا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ مہمان خصوصی ہوں گے۔