عالمی برادری دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔حریت کانفرنس


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ  وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کریں گے۔حریت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انتخابات کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ اقتدار یا نام نہاد انتخابات کے لئے نہیں بلکہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات ایک فوجی آپریشن کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی کہہ رکھا ہے کہ انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہیں ۔ انہوں نے عالمی ادارے پر زور دیا ہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیر کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ غلام احمد گلزار نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم بالخصوص محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ۔حریت رہنما نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز نے جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں پکڑدھکڑتیز کر دی ہے جہاں مسلمانوں کو ہراساںاور گرفتار کیا جا رہا ہے اور ان کی املاک کی توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو سزا دینے کے لیے این آئی اے،ایس آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروںکو ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیاں آزادی پسند لوگوں کی جائیدادیں ضبط کررہی ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ یہ جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ تحریک مزید زور پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

دوسری جانب  کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور تنازعہ کشمیرکے حل نہ ہونے سے نہ صرف کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ عالمی امن کو بھی خطرہ لاحق ہے

محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فورسز نے مظالم ڈھانے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران جموں، ڈوڈہ اور دیگر علاقوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیرکو حل کرے۔

محمود ساغر نے کہا کہ کشمیری شہدا  کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجی مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو ختم کرنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہے۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی کے باوجودکشمیری حریت پسند قیادت اور عوام کا مشن آزادی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے۔محمو دساغر نے کہاکہ بھارت نے جموں و کشمیر کوایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے جموں کے علاقے راجوری میں مسلسل چھاپوں کے دوران نواجوان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ حریت رہنما نے کہاکہ بھارت کی مختلف جیلوں میں ہزاروں کشمیری نوجوان ، حریت قیادت اور خواتین نظربند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجانا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے ۔ حریت رہنما نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور تنازعہ کشمیرکے حل نہ ہونے سے نہ صرف کشمیری عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ عالمی امن کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔