اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے شعبے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس میں توانائی بچت پلان کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی کے نظام کو بھی مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے شعبے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا ،اجلاس میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں موجود گردشی قرضے پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا، اجلاس میں توانائی بچت پلان کا بھی جائزہ لیا گیا ، یہ پلان منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا جس میں صوبائی وزرا اعلیٰ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کو کم کیا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت بہتر پالیسی کے ذریعے 2013-18 میں اپنے دور حکومت کے دوران گردشی قرضے کو مکمل ختم کرنے کا عملی ثبوت دے چکی ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلسل محنت اور موثر حکمت عملی سے اب بھی اس مسئلے پر دوبارہ قابو پا لیں گے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل اس طرح مکمل کیا جائے کہ گردشی قرضہ بتدریج کم ہو کر بالآخر ختم ہو جائے۔
انھوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی تقسیم کار کمپنیاں بلوں کی ریکوری کے نظام کو فوری طور پر بہتر کریں، بجلی اور گیس کے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی کے نظام کو بھی مزید موثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ توانائی کے شعبے کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں،اس مقصد کے لیے ترسیل کے نظام کو بہتر کیاجائے، تاکہ بجلی اور گیس کی چوری اور ضیاع کو روکا جا سکے۔