سولہ دسمبر2014 ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،اسپیکرو ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے 16 دسمبر2014 کو آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور میں پیش آنے والے دل سوز اور المناک واقعہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور ان کے نمائندگان معصوم بچوں اور اساتذ ہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہم ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہاراسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

اسپیکر اور ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر2014 ملکی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لئے ختم کر کے یہاں مکمل امن قائم کرنا اور اسے خوشحالی کی راہ پر ہموار کرنا ہی ہمارا اولین مقصد ہے اور ہم اس کو انشاء اللہ ضرور حاصل کریں گے۔