اسباب جنگ ختم کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،عبدالرشید ترابی


انقرہ(صباح نیوز) سابق چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسباب جنگ ختم کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ،ہندوستان انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،15لاکھ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں عالم اسلام کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں ،ترک عوام نے کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا

ان خیالات کااظہار انہوں نے ترکی کے سابق وزیر اعظم نجم الدین اربگان کی سعادت پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سعادت پارٹی کے مرکزی نائب صدر ارسلان بجنک سمیت دیگر راہنماؤں سے ملاقات کی

اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے کشمیری گزشتہ 27ماہ سے مکمل لاک ڈائون میں ہیں کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے معیشت تباہ کردی گئی ہے سکول ،کالجز اور جامعات مقفل ہیں قابض بھارتی فوجی بستیوں کا گھیرائو کر کے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی انتہاکررہے ہیں کشمیری اللہ کے بعد امت کی طرف دیکھ رہے ہیں امت مسلمہ آگے بڑھ کر کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرے

انہوں نےمزید کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے عزائم پوری امت کے خلاف ہیں نریندرمودی کے اقدامات پوری مسلم دنیا کے خلاف ہیں ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے نریندرمودی ہندو توا سوچ کے تحت جبراً لوگوں کو ہندو بنانے کی راہ پر چل رہا ہے ایسے میں او آئی سی ،یورپی یونین اور اقوام متحدہ جیسے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں ۔