ہر طرح کے حالات میں افسران اور جوان قوم کی خدمت کرتے رہیں، آرمی چیف


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سیالکوٹ اور منگلہ گیریژنز کے الوداعی دورے، افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کے حالات میں افسر اور جوان قوم کی خدمت کرتے رہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے الوداعی دوروں کے سلسلے میں سیالکوٹ اور منگلا گیریژنز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں مقامات پر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور جوانوں سے خطاب کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف آپریشنز، تربیت اور قدرتی آفات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فارمیشنز کے کردار کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر طرح کے حالات میں پوری لگن، جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔ قبل ازیں سیالکوٹ پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے کیا جبکہ منگلا گیریژن پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل ایمن بلال صفدر نے کیا۔