خواتین کو بااختیاربنانا ہماری اولین ترجیح ہے،شازیہ مری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کو بااختیاربنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری کا آئس لینڈ میں گلوبل فورم ویمن لیڈرشپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں خواتین کو بااختیاربنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کو حالیہ بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب کا سامنا ہے جس کا تجربہ پاکستان نے اس سے پہلے کبھی نہیں کیا ، سیلاب کی وجہ سے 33 ملین افراد بے گھر ہوئے، جو کہ کئی ممالک کی کل آبادی سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد میں تقریبا 6لاکھ 50ہزار حاملہ خواتین کو زچگی سے متعلق سہولیات کی ضرورت ہے ، پاکستان کے سب سے کامیاب سماجی تحفظ کے پروگرام ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ہونے پر فخر ہے،پاکستان کے تقریبا 80لاکھ خاندان بی آئی ایس پی سے منسلک ہیں ،ہم ان خاندانوں کو ٹارگٹ کیش ریلیف فراہم کر رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غذائیت اور تعلیم کی ترغیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔