اسلام آباد(صباح نیوز) سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وزارت قانون آمد پر سردار ایاز صادق کو بریفنگ دی گئی، وزیر قانون نے وزارت کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی وزارت قانون و انصاف کا قلمدان ملنے پر وزارت قانون و انصاف آمد کے موقع پر سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور دیگر اعلی افسران نے استقبال کیا۔ وزیر قانون سردار ایاز صادق نے وزارت قانون کے افسران سے تعارفی ملاقات کی۔ سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر نے وزارت کے افسران کا تعارف کروایا اور وزارت قانون کے مختلف ونگز اور سیکشنز کے امور کے حوالے سے وزیر قانون کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر قانون نے اس موقع پر وزیر مملکت شہادت اعوان اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزارت کے امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیرِ قانون سردار ایاز صادق نے وزارت کے تحت جاری منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔