ہمارے پاس اسلام آباد کو بند کرنے اور دوسرا آپشن اسمبلیاں توڑنے کا ہے، اسد قیصر


اسلام آباد(صباح نیوز) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر  نے کہاہے کہ ہمارے پاس اسلام آباد کو بند کرنے اور دوسرا آپشن اسمبلیاں توڑنے کا ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا پرویزالہی بھی اسمبلی توڑنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔ ہم چاہتے ہیں حکومت بیٹھ کر الیکشن کیلئے بات کرے۔ مسلم لیگ ن مارشل لا کے حق میں ہے۔ مذاکرات ہوں یا نہ ہوں ،ہم اپنے ٹارگٹ پر پہنچیں گے۔ ہم نے بھی اپنے کارڈ پلے کرنے ہیں۔ ہمیں چیزوں کی سمجھ ہے۔ ان کی حکومت روز بروز غیرمقبول ہوتی جا رہی ہے۔

اسد قیصر نے کہا ہماری حکومت میں انڈسٹری زیادہ پروان چڑھی۔ اس وقت اعصاب کی جنگ ہے۔ ان کو پتا ہے کہ وہ پنجاب سے فارغ ہو چکے ہیں۔ مذاکرات پر کچھ نہ کچھ چینل چل رہا ہے۔ ہم اپنے حلقوں میں جلسے کر رہے ہیں۔ کل میرے تین جلسے ہیں۔ انہوں نے کہا فیصل واوڈا کو پارٹی نے بہت عزت دی۔ پارٹی میں اور کوئی فیصل واوڈا نہیں۔ ہمارے پاس اسلام آباد کو بند کرنے، لاک ڈاون کا آپشن ہے۔