اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کے وجود کے لئے بڑا خطرہ ہے ،اس چیلنج سے نمٹنے اور انسانیت کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بدترین اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے عالمی سطح پر تعاون نا گزیر ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیا پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ مائیکرو گنٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔پارلیمانی آٹ ریچ کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی آٹ ریچ پروگرام کی افادیت خصوصا قومی اسمبلی کی پاک چائنا اکنامک کوریڈور (سی پیک) خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ ایف ای ایس کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس ادارے پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کیلئے پارلیمانی رسائی ضروری ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پاک جرمن تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان باہمی اعتماد اور اہم بین الاقوامی امور پر اتفاق رائے پر مبنی خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں اضافہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطے دونوں اقوام کو قریب لانے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنا نے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بات کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے حالیہ سیلاب سے پاکستان میں اربوں ڈالر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا اور سینکڑوں افراد جان بحق ہوئے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات میں پاکستان کا حصہ نا ہونے کے برابر ہے ۔
انہوں نے ترقی یافتہ ممالک اور عالمی تنظیموں کو پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے آگے آنے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے پاکستان میں سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں میں تعاون پر جرمنی کے عوام اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ایشیا پیسیفک اور ایف ای ایس کے سربراہ نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہوے پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایف ای ایس کے مختلف پروگراموں اور بالخصوص قومی اسمبلی میں قائم خواتین پارلیمانی کاکس(ڈبلیو پی سی) میں جینڈر بجٹنگ کے حالیہ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جینڈر بجٹنگ پروگرام کا مقصد پاکستان میں صنفی مساوات اور صنفی انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ایس سی 1980 سے پاکستان میں خدمات سرانجام دے رہا ہے انہوں نے ایف ای ایس کی جانب سے پاکستان میں سماجی ترقی کے پروگراموں کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ایشیا پیسیفک اور ایف ای ایس کے سربراہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر شپ کے ساتھ یادگاری تصویر بھی پیش کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس یادگاری تصویر کو سپیکر ہاؤس میں آویزاں کرنے کی ہدایت کی