راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فرانس کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی، دفاع اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال، مجموعی علاقائی سیکیورٹی صورتحال بھی غور، دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی تعاون سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں۔ دونوں جانب سے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں سیلاب کی بدترین تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔