عمران خان کا مارشل لا ء لگانے کا بیان قابل مذمت ہے،شیر ی رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیر ی رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا مارشل لا ء لگانے کا بیان قابل مذمت ہے۔ جو سیاستدان 26 سال سیاسی جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا ء لگانا ہے تو لگادو۔ جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لاء سلگانے پر نہیں اکساتا۔ اس کا مطلب ہے عمران خان چاہتے ہیں ملک میں مارشل لاء لگے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں وہ اقتدار میں نہیں تو کوئی اور بھی نا ہو۔ یہ جمہوری اور آئینی نہیں فاشسٹ سوچ کی نشانی ہے۔ ادارے کہہ رہے ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے یہ کہتے ہیں مداخلت کرو اور مجھے اقتدار میں لائو۔ ان کا مقصد ہے ڈیل دو یا مارشل لاء لگاؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا کوئی پارلیمانی اور آئینی جمہوریت میں یقین رکھنے والا سیاستدان اداروں سے غیر آئینی کام کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے؟ان کی 26 “سال کی جدوجہد” صرف چیرٹی کے نام پر پیسے کھانے میں گزری ہے۔ کون سا سیاستدان اداروں سے غیر آئینی مداخلت یا مارشل لا لگانے کا مطالبہ کرتا ہے؟