جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے،اسد عمر


راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے حکمرانوں سے الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے، فوری انتخابات ملک کے لئے ناگزیر ہیں،جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے،ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے، افواج پاکستان کی ملک کے لئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا لیکن ہم پہل نہیں کریں گے، یہ حکومت بیرونی مداخلت سے آئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مداخلت کی بات تسلیم ہوئی تھی۔عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، عمران خان میں عوام کو موبلائز کرنے کی صلاحیت ہے، انہوں نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے، نواز شریف کوکہنا چاہتا ہوں یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے، کوئی لندن امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچے گے اس دن عوام کا سمندر ہوگا، حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے، اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں اوراسی کو جتھے کہتے ہیں،جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے، ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں، ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی ملک کے لئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکی ادارے اسلحہ سے مضبوط نہیں ہوتے ، مضبوط قوم پیچھے ہوتی ہے، ایک دم سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا منصوبہ ہے، صورتحا ل دیکھ کرہی حکمت عملی طے ہوتی ہے،ایک طرف کہہ رہے ہیں 200 لوگ نکل رہے ہیں، دوسری طرف عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، اگر 200 لوگ نکل رہے ہوتے تو اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند نہ کر دیا جاتا۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کو نظر آرہا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، دو آپشن تھے جلدی کر کے جمعے تک اسلام آباد پہنچیں یا دن زیادہ لگتے ہیں تو لگ جائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فوج کے خلاف نہیں، نہ کبھی فوج کے خلاف بولے۔

انہوں نے وزیر اعظم ہوتے ہوئے ایبسلوٹلی ناٹ کہا۔ لانگ مارچ ڈی چوک نہیں جائے گا، باقی کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے ایسی حکومت ہو کہ ڈی جی آئی ایس آئی پریس کانفرنس کریں۔یہ خود مان رہے ہیں کہ نئے الیکشن میں امپورٹڈ حکومت کا صفایا ہوجائے  گا۔اسد عمر نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور صحافت پر قدغن کے باعث صحافی ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔ عدلیہ اس پر نوٹس لے۔ ہماری فوج بہادر اور بے پناہ قربانیاں دے رہی ہے ۔ قوم فوج سے محبت کرتی ہے۔ فوج کی طاقت عوام ہے، فوج عوام کے خلاف نہیں جاسکتی۔