اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف چین کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے ہم منصب کی دعوت پر گئے ہیں، یہ ان کا وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ چین ہے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے ارکان بھی ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے قائدین اسٹریٹجک کوآپریشن پارٹنر شپ کا جائزہ لیں گے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تردوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیش رفت اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
دورہ چین سے متعلق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ 2013 میں نواز شریف کے وژن کی کڑی ہوگی، پچھلے 4 برسوں میں سی پیک تاخیر کا شکار ہوا، سی پیک کے حوالے سے پچھلے ہفتے ایک میٹنگ ہوئی ہے، یہ دورہ سی پیک اور ایک نئی منزل کے لیے اہم کردار ادا کریگا۔ وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے دورے کے دوران سی پیک کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
وزیراعظم کا دورہ چین ،50 کروڑ ڈالرز کے معاہدے کا امکان
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران اے آئی ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالرز کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران چین سے 6 ارب 30 کروڑ ڈالرز کا قرض رول اوور ہونے کا امکان ظاہر کیاگیا،
کراچی سے پشاور تک ریلوے نظام کوبہتربنانے کیلئے معاہدے کا امکان ہے جس میں 9 ارب 85 کروڑ ڈالرزکی لاگت سے ریلوے کا نظام بہتربنانے کا امکان ہے۔ دورے میں لاہور اورنج ٹرین کی طرز پرکراچی سرکلر ریلویکے جدید ٹریک کا منصوبہ سی پیک کا حصہ بنایا جائیگا، کراچی سرکلر ریلوے کے جدید ٹریک کا منصوبہ 292 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔