ناکام ترین حکومت پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے،بلاول بھٹو زرداری


پشاور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے کہا ہے کہ ناکام ترین حکومت پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔سلیکٹیڈ حکومت عوام کے جمہوری،انسانی،معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ۔عوام ہمارا ساتھ دیں ہم ان کی ساری سازشوں کو ناکا م کروائیں گے ۔عمران سرکار آئی ایم ایف کی غلامی کر رہی ہے ۔پی ٹی آئی حکومت ہر ماہ پٹرول کی قیمتوں کو بڑھانے کا اعلان کر تی ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ اضافے کو رد کرتے ہیں ۔آنے والے دنوں میں گیس نہیں ہو گی جو حکومت کی نالائقی ہے ۔حکومت ایسی قانون سازی کر رہی ہے کہ پاکستان سٹیٹ بینک عالمی اداروں کا غلام ہو ۔مرکزی بینک کو عالمی مالیاتی ادارے کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔سٹیٹ بینک قوانین کو رد کرتے ہیں ۔زبردستی ای وی ایم مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ہم صاف اور ستھرا الیکشن چاہتے ہیں ۔ای وی ایم کو رد کرتے ہیں ۔ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اوربیروزگاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ نے پیپلزپارٹی کوپشاورمیں جلسے کی اجازت نہیں دی۔ کاغذی وزیراعلیٰ نے جلسہ رکوانے کی کوشش کی۔ عمران خان اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکتے ہیں۔ آج لوگوں کاجم غفیردیکھ لیں۔لوگ پیپلزپارٹی کیساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت امیروں کوریلیف غریبوں کوتکلیف دیتی ہے۔ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کابوجھ عام آدمی پرڈالاگیاجس کی ہم پچھلے3سال سے مخالفت کررہے ہیں۔ یہ ڈیل غیر قانونی ہے۔ سلیکٹڈ کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے۔ موجودہ حکومت ہرشعبے میں ناکام رہی ہے۔ یہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں مصروف ہے۔ نئے پاکستان میں جمہوری ،انسانی اور معاشی حقوق پر ڈا کہ ڈالا جارہا ہے۔ ہرپاکستانی کومعلوم ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اوربیروزگاری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے نام پرگیم کھیلا جارہا ہے۔ ہم صاف اورشفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ ای وی ایم آر ٹی ایس ٹو ہے۔ اوورسیزپاکستانیوں کیلئے الگ الیکٹورل کالج ہوناچاہیے۔ ہم نے کہاکہ اوورسیزپاکستانیوں کاپارلیمنٹ میں اپنانمائندہ ہوناچاہیے۔ یہ کیسے ہوسکتاہے کہ پیرس میں ووٹ ڈالاجائے اورنتیجہ پشاورمیں نکلے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کے سامنے جھک چکی ہے۔ یہ لوگ کون ہوتے ہیں قاتلوں سے مذاکرات کرنیوالے۔ جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں ان کوسزاملنی چاہیے۔ جنہوں نے اے پی ایس کے بچوں کوشہیدکیاان کیساتھ حکومت مذاکرات کررہی ہے۔بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ آئی ایم ایف جانے سے پہلے خود کشی کرلیں گے ۔معاشی دشمن پالیسی اپنا کر آج عوام خود کشیاں کر نے پر مجبو ہیں ۔نالائق ،سلیکٹیڈ وزیراعظم کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ۔چھوٹا تاجر ،بزرگ،پنشنرز بھی پریشان ہے ۔غریب کدھر جائے ۔عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارا ساتھ دیں ہم غریب دوست معیشت لائیں گے ۔اس ملک کی معیشت کو کھڑا کر کے دکھائیں گے ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ جب ملکی معیشت امیروں کا ساتھ دے تو پھر معیشت ترقی نہیں کر سکتی ۔بھٹو کی معاشی پالیسی مساوات پر مبنی تھی ۔قائد عوام کی معاشی پالیسی امیر نہیں بلکہ عام آدمی کے لئے تھی ۔پیپلز پارٹی کی بنیاد جمہوری،انسانی حقوق کا تحفظ ہے ۔قوم نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔جب سے پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوئی تب سے معیشت عوام کی دشمن بن چکی ہے ۔پیپلز پارٹی دور حکومت میں معاشی بحران کے باوجود عام آدمی کو ریلیف دیاگیا ۔پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا اور تنخواہ،پنشن میں اضافہ کیا اور عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا گیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹیڈ نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کا جلسہ پشاور میں نہیں ہو گا ۔انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہیں دی ۔دیکھ لو سلیکٹیڈ پورے کا پورا پشاور جلسے میں موجود ہے ۔جیالوں نے بھٹو ،بی بی شہید کو کبھی مایوس نہیں کیا تھا ۔آج آپ نے اکھٹے ہو کر ثابت کر دیا ہے کہ مجھے بھی مایوس نہیں کریں گے ۔قائد عوام نے کہا تھا کہ اگر بہادر پشتو ساتھ ہو تو پھر کوئی راستہ نہیں رو ک سکتا ۔