سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی حقوق کے حصول میں اہم سنگ میل،عوام کی فتح ہے، عبدالواسع


پشاور (صبا ح نیوز) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع نے سپریم کورٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے جماعتی بنیادوں پر انعقاد کو خوش آئند اور قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عوامی حقوق کے حصول میں اہم سنگ میل اور عوام کی فتح ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست کا مسترد ہوجانا ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ میں حکومتی موقف کا مسترد ہوجانا حکومتی ناکامی اور شکست ہے۔ عدالتی محاذ کے بعد اب حکومت کو بلدیات انتخابات میں شکست سے دو چار کریں گے۔ حکومتی فرار کے تمام راستے بند ہوچکے ہیں۔ کارکنان انتخابات کی تیاریاں مزید تیز کردیں۔ سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی کی طرف سے کیس کی پیروی جسٹس (ر) غلام محئی الدین ملک کررہے تھے، جسٹس (ر) ملک غلام محی الدین کو اس اہم کیس کی جیت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔کیس کی کامیابی اور حکومت کی ناکامی میں ان کے بہترین دلائل نے بہت بڑا کردار ادا کیا۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے بھرپور مہم چلائیں۔ ان شاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں قائم مقام امیر صوبہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھانے کے بعد ویڈیو پیغام میں کیا۔ عبدالواسع نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے۔ حکومت اس بات سے ڈر رہی تھی کہ اگر جماعتی بنیادوں پر انتخابات ہوں گے تو ان کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔ ان کے امیدواران بھی عوام کے پاس جانے سے ڈر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ان قوتوں کے خلاف بھی کامیابی ہے جو دعوے تو جمہوریت کے کرتے ہیں لیکن اپنی پارٹیوں کو پراپرٹیاں بنائی ہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے۔ اس فیصلے سے حقیقی قیادت ابھر کر سامنے آئے گی اور ملک میں تبدیلی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے جماعت اسلامی کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اگر عوام اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں کیونکہ صرف جماعت اسلامی کی قیادت ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔