پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ظلم کیخلاف نکلنے کیلئے قوم کو جلد کال دوں گا۔ جب کال دوں گا تو پھر واپسی نہیں ہو گی، قوم پر جو ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا، سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے تومطلب دشمن کے پاس ڈیٹا چلا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آرہا ہے اور ملک کا مستقبل تباہی کی طرف جا رہا ہے۔
پشاور میں ایڈورڈ کالج کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کالج کے پرنسپل کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے یہاں دعوت دی، میلو اور ڈیزل کو بھی دعوت دیں اور ڈیزل سے پوچھیں چوروں کے ساتھ کیسے کھڑے ہو گئے ہو۔ ہم میلو اور ڈیزل پر ضرور بات کریں گے لیکن آج میں لیڈر شپ پر بات کرنے آیا ہے۔ دنیا کے سب سے لیڈر ہماے پیارے نبی ۖ رہے ہیں جنہوں نے سب سے پہلے چیز جو کی وہ قانون کی بالادستی ہے، ریاست مدینہ قانون وانصاف پر قائم کی گئی ۔ جتنے بہتر لیڈر ہوتے ہیں اتنی ہی بہتر تعلیم ہوتی ہے اور قانون کی بالادستی سے انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق پیدا کرتا ہے جبکہ قانون کے معاشرے میں سب قانون کے نیچے ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چوروں، ڈاکووں کو این آر او دیا گیا ہے، ان سے ڈیل کی گئی ہے اور آج چور اور ڈاکو وطن واپس آ رہے ہیں ان کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے اور اربوں روپے لوٹ کر باہر جانے والوں کو این آر او سے واپس لایا جا رہا ہے۔ آج پاکستان بدترین مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، قوم نیچے جا رہی ہے اور ابھی بھی پیٹ نہیں بھرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم اپنے داماد کے لیے پیسہ بنا رہی ہے۔ جانور غیر سیاسی ہوتے ہیں اور جو ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا ان میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں قوم کو تیار کر رہا ہوں لیکن مجھے اکیلا بھی نکلنا پڑا تو ان کے خلاف نکلوں گا کیونکہ میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا ہوں، میری کال کا انتظار کرنا۔ چوروں کے ذریعے قوم پر ڈاکے کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے تومطلب دشمن کے پاس ڈیٹا چلا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں تباہی کا راستہ آرہا ہے اور ملک کا مستقبل تباہی کی طرف جا رہا ہے۔
آج پاکستان میں عدالت نے مریم نواز کو بری کردیا ہے جبکہ لندن فلیٹس پرمریم کہتی ہے لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے اور حسین نواز کہتا ہے مریم اپارٹمنٹ کی مالک ہیں۔ ان کے خلاف آواز اٹھانے پر نجی ٹی کو بھی بند کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 1100 ارب روپے جو اس قوم کا چوری ہوا وہ معاف ہو رہا ہے، یہ پیسہ چند لوگوں کی جیبوں میں جائے گا، قوم آج بدترین مہنگائی اور قرضوں میں ڈوب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کے محافظ سے سوال پوچھتا ہوں کہ اگر ڈاکو ملک کو لوٹ رہا ہو تو چوکیدار کہہ سکتا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں، پاکستان لوٹا جا رہا ہے اور وہاں سے کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں، نیوٹرل کا یہ کام ہے کہ میڈیا کو بند کریں تو ملک کی حفاظت کون کرے گا، جب بھی کوئی کہے کہ میں غیرسیاسی ہوں تو سمجھ لیں کہ اس میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں۔