راولپنڈی(صباح نیوز) بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 میجر سمیت 6اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹربلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گرکرتباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 پائلٹ سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوا۔حادثے میں شہید ہونے والوں میں میجر محمد منیب افضل، میجر خرم شہزاد، صوبیدار عبدالواحد، نائیک جلیل سپاہی، محمد عمران اور سپاہی شعیب شامل ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 39 سالہ میجر خرم شہزاد ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور اٹک کے رہائشی تھے، ان کے ورثا میں ایک بیٹی ہے ، 30سالہ میجرمحمد منیب افضل کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور ان کے دوبیٹے ہیں، 44 سال صوبیدارعبدالواحد کاتعلق کرک سے ہیں اور ان کے تین بیٹے اورایک بیٹی ہے، 27 سالہ سپاہی محمد عمران کا تعلق مخدوم پور خانیوال سے ہے، سپاہی کی دوبیٹیاں اورایک بیٹا ہے، 30 سالہ نائیک جلیل کا تعلق کھاریاں سے ہے اور ان کے دو بیٹے ہیں جبکہ35 سالہ سپائی شعیب کا تعلق جنڈ ضلع اٹک سے ہے اور ان کا ایک بیٹا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں افسران سمیت پاک فوج کے چھ جوان شہید ہو گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دینے والے اس ہیلی کاپٹر کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔