ہٹیاں(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مہنگائی ،بے روزگاری نے معاشرے کی چولیں ہلا کر رکھ دیں ،اغیار کے قائم کردہ نظام سے انسانیت پستی کی جانب گامزن ہے ،فرسودہ نظام کے خاتمے سے ہی انسانیت کی فلاح ممکن ہے جب تک اسلام کو بطور نظام نافذ اور قائم نہیں کیا جاتا اس وقت تک مسائل،مشکلات اور مصائب سے دوچار رہیں گے ، جماعت اسلامی غلبہ دین کی تحریک ہے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی میں لانا ہماری جدوجہد کا محور ہے ،فرسودہ نظام اور قیادت ہمارے مسائل کی اصل وجہ ہے، عوام کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،
ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جہلم ویلی کے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان ،امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ویلی علی اصغر ثاقب ،راجہ شوکت علی خان ،راجہ نزاکت علی خان سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مہنگائی نے غریب کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ظلم و جبر اور استحصالی نظام کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی برسرپیکار ہے جب تک نا اہل قیادت ہم پر مسلط رہے گی اس وقت تک ہمارے مسائل کم ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہو گا رب کی دھرتی پر رب کے نظام کے نفاذ کے لیے ہمیں اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہو گا ۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کے ہر سطح کے ذمہ داران اللہ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچیں ان کو اپنے ساتھ شامل کریں منصوبہ عمل کے تحت بھرپور دعوتی مہم چلائی جائے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی قیادت صاف شفا ف اور اجلے کردار کی مالک ہے جماعت اسلامی کے ممبر ان پارلیمنٹ کی گواہی پوری قوم دے رہی ہے ریاست کی وحدت پر ہم کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے کشمیر کی آزادی تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔