پشاور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشراور لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا، جی ایم ایس این جی پی ایل کو طلب کرتے ہوئے دو دنوں میں مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے گیس کے کم پریشراور لوڈشیڈنگ کے معاملے پر برہمی کا اظہارکیا، انہوں نے جی ایم ایس این جی پی ایل کو طلب کر کے 48 گھنٹوں میں صورت حال میں نمایاں بہتری لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کسی صورت برداشت نہیں، گیس کے کم پریشراور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے، اگلے 48 گھنٹوں میں صورتحال میں نمایاں بہتری لا کررپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعلی نے کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہو گا، گیس کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔
ایس این جی پی ایل حکام نے گیس کے کم پریشرکا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جی ایم سوئی گیس نے کہا کہ اگلے دو دنوں میں گیس کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جائے گی، گھریلو صارفین کو گیس کے لو پریشر کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا، جن علاقوں میں گیس کے کم پریشرکا مسئلہ درپیش ہے وہاں پر بڑے قطر کے پائپ بچھائے جا رہے ہیں، صارفین کی شکایت کے فوری ازالے کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔