پیپلز پارٹی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے آڈیو پر سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا


پشاور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے آڈیو پر سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا ۔پارٹی کے مرکزی سینئررہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ اداروں کو کمزور نہیں دیکھنا چاہتے۔ اللہ کرے سابق چیف جسٹس کی آڈیو جھوٹ ہولیکن اگر ثاقب نثار عدالت نہیں جاتے تو آڈیو درست تصور کی جائے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پشاورمیں پیپلز پارٹی کے رہنماء سیدظاہرعلی شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپارٹی کے مرکزی رہنماء قمرزمان کائرہ، صوبائی صدرنجم الدین خان،شعبہ خواتین کی صدرسینیٹرروبینہ خالد ، ضلعی وسٹی سمیت دیگرتنظیمی عہدیداربھی موجود تھے ۔

سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہم اپنے ہر دور اقتدار میں لوگوں کو روزگار کی فراہمی، معیار زندگی کی بلندی سمیت تمام وعدے پورے کئے جبکہ آج ملک کی معاشی حالت انتہا ئی خراب ہے۔ شرح نمو بڑھنے کے بجائے کم ہورہی ہے۔  ایک بات پر اپوزیشن متفق ہے کہ حکومت گھر جائے یہ ایک عذاب ہے تاہم حکومت کو چلتا کرنے کے لئے غیر آئینی طریقہ اختیار نہیں کریں گے۔ ایوان میں اپوزیشن متحد ہے ۔جلد ہی آئینی راستہ نکال لیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ملک بحرانی کیفیت سے دوچا ہے۔ بیروز گاری بڑھ رہی ہے۔ فیڈریشن کو خطرات لاحق ہیں جبکہ حکومت مہنگائی پر مہنگائی لا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کے رویہ پر پی ڈی ایم سے الگ ہوئے ۔ہمارا (ن) لیگ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں لیکن میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ سے باہر احتجاج کریں گے جبکہ ہمارا موقف پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی لانے کا تھا جس کیلئے عدم اعتماد اہم ٹول تھا۔ اگر پنجاب میں ہماری عدم اعتماد والی بات مان لی جاتی تو آج وفاق میں تبدیلی آچکی ہوتی ۔

قمر الزمان کائر ہ نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون کبھی نہیں چلے گا۔ الیکشن کمیشن نے خود اے وی ایم کی مخالفت کی ہے ہم بھی سمجھتے ہیں کہ اس قانون کو غلط طریقے سے لایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ جھوٹ کے سہارے عوام کو سہانے خواب دکھا ئے جارہے ہیں۔موجودہ حکومت کو فوری طور پر گھر بھیجنا چاہیے ورنہ حالات مزید خراب ہونگے ۔

پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اگر مہنگائی ہوئی تھی مگر تنخواہیں بھی 135 فیصد اضافہ کیا تھا حکومت مافیا کے سامنے سرینڈر ہورہی ہے۔ 30نومبر پارٹی کے یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع پشاور میں ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام مرکزی قیادت جلسے میں شرکت کریگی ۔