آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ میں پوری قوم کوان کے حوالے کردیا گیا،سینیٹر مشتاق احمد خان


پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ میں پوری قوم کوان کے حوالے کردیا گیا،جون تک بجلی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوگا،جوآئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کاکہتے تھے انھوں نے ایک ارب  ڈالرمیں پاکستان کوبیچ دیا،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر و ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکا خیل اور میڈیا کوآرڈی نیٹر سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے،

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سرینڈر ڈاکومنٹ ہے،شرم کی بات ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ سرینڈر ڈاکومنٹ پر بھی شادیانے بجارہی ہے، حکومت آئی ایم ایف جیسے نئے وائسرائے کو اسلام آباد میں بٹھانا چاہتی ہے۔اب جون تک نئے ٹیکسز اور مہنگائی کا تازہ سونامی آئے گا،

انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی مبینہ آڈیوکے معاملہ پرچیف جسٹس پاکستان سوموٹونوٹس لے۔ سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو نے انصاف کے پورے نظام کومشکوک بنادیا ہے،اگرواقعی آڈیواصلی ہے توثاقب نثارقومی مجرم تصور ہوں گے،

امیر جماعت خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگناچاہتی ہے،اس لئے سپریم کورٹ گئی،جماعت اسلامی عوامی مفادات کی خاطرسپریم کورٹ میں کھڑی ہوگی،

انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ باجوڑمیں جے یو آئی کے کارکن قاری الیاس کوشہید کیا گیا ،چندماہ قبل اس کے بڑے بھائی کو بھی نامعلوم افرادنے قتل کیاتھا،قاری الیاس نے خطرے سے متعلق ڈپٹی کمشنرکوآگاہ کیاتھا، لیکن انھیں کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی۔سیکورٹی صرف وزیروں اور مشیروں کے لئے ہے،قاری الیاس کے خاندان کو فوجیوں کی طرز پر شہداء پیکیج دیا جائے، شہید نوجوان کیلئے سینیٹ میں آواز اٹھاؤں گا،

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ترقیاتی کاموں کے لئے تین سالوں میں 300 ارب کی بجائے 112 ارب روپے ریلیز ہوئے مگر خرچ محض کروڑوں میں ہیں، غیرمنتخب اداروں کے ہاتھوں رقوم خرچ نہیں ہونی چاہئیں، وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت قبائلی اضلاع کے  188 ارب روپے کی مقروض ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان  نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کیا وزیر اعلیٰ کے جلسے نظر نہیں آرہے؟ ڈپٹی کمشنر، پٹواریوں اور پولیس کی مدد کے باوجود حکومت جلسوں کے نام پر ناکام شو کر رہی ہے، الیکشن کمیشن وزیر اعلیٰ کے جلسوں کا نوٹس لے اور انھیں سزا دے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، 2382 ویلج کونسلز پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو لائین گے،125 مختلف کیٹیگریز میں ہمارے کونسلرز کامیاب ہو چکے ہیں،کونسلرز کی کامیابی ہواؤں کی تبدیلی کا اشارہ ہے،بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت اپنی کرپشن ختم نہیں کرنا چاہتی، چینی، گیس، ایل این جی مافیا کو کنٹرول کرنے کی بجائے غریب عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے، انھوں نے کہا کہ دھاندلی سے پاک ، صاف و شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لئے قیادت ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ حکومت سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لے، ٹارگٹ کلرز دھڑلے سے آکر لوگوں کو قتل کردیتے ہیں اور بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ٹارگٹ کلرز کو روکنا حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ آڈیو ریکارڈ بڑا واقعہ ہے۔ سابق چیف جسٹس نے اس آڈیو میں بتا دیا ہے کہ ایک جج کس طرح دستور پاکستان سے غداری کر رہا ہے،ثاقب نثار کو سزا دلانا چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے۔