سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی واپسی کو پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفعہ370کی واپسی سے ہی تعمیر و ترقی ممکن ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرت بل میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے تمام خطوں کا تشخص،انفرادیت اور وحدت کی واپسی کیلئے نیشنل کانفرنس اس وقت قانون اور آئینی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے جموں کشمیر میں افسر شاہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلہ کو فی الفور بند کرنے کی وکالت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ہی لوگوں کے مسائل اور مشکلات حل کرنے کی صلاحت رکھتے ہیں۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ اہل وادی اس وقت نہایت ہی تباہ کن مشکلات کے دور سے گزر رہے ہیں اور ہمیں اپنے آئین اور جمہوری حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
اس موقعے پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں گستاخ رسول کے خلاف کارروائی اور اس حرکت کی مذمت بھی کی گئی۔قرار داد میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے فرقہ پرست عناصر کی لگام کو سختی کے ساتھ کسا جائے۔
کنونشن میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی،سنیئر لیڈر محمد سعید آخون، صبیہ قادری اور پیر آفاق نے بھی خطاب کیا۔