مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد مصدق عادل انتقال کر گئے،آبائی قصبے سوپور میں سپر د خاک


سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد مصدق عادل قصبہ سوپور میں انتقال کر گئے۔مرحوم کافی عرصے سے علیل تھے، محمد مصدق عادل کوسوپور قصبے میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ سوپور قصبے کی اقبال مارکیٹ میں ہوئی ۔

نما ز جنازہ میں حریت رہنماؤں کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور ہرطبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیر پرسن فریدہ بہن جی کے پولیٹیکل ایڈوائرز محمد یاسین بٹ ، ماس موومنٹ کے سیکریٹری جنرل پرنس محمد سلیم نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی،مصدق عادل آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما تھے ۔ مرحوم کافی وقت سے علیل تھے اور وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف ایک غیر سمجھوتہ کرنے والے حریت منش فرد تھے۔

مصدق عادل 1965 کے بعد کئی سال جیل میں رہے ۔ مرحوم جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے رکن اور وفا ت پیپلز پولیٹیکل فرنٹ جموں و کشمیر کے چیئرمین بھی تھے۔مصدق عادل کے چھوٹے بھائی کو سوپور قصبے میں 90 کی دہائی کے اوائل میں بھارتی فوجیوں نے حراست میں لے کر غائب کر دیا تھا۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے کئی رہنماؤں نے محمد مصدق عادل کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کیاہے،

جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے اپنے تعزیتی بیان میں محمد مصدق عادل کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مصدق عادل نے پوری  زندگی اپنے کشمیری لوگوں اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی۔ مرحوم نے قابض بھارتی انتظامیہ کے ہاتھوں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ان کے جذبہ حریت میں کبھی کوئی کمی  نہیں آئی اور آزادی کیلئے ہمیشہ پرعزم رہے۔انہوں نے مصدق عادل کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ اورعزیزو اقارب سے اظہار تعزیت کیا

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کامصدق عادل کے انتقال پر تعزیتی اجلاس،فاتحہ خوانی

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے پیر کو اسلام آباد میں ایک تعزیتی  اجلاس منعقد کیا جس میں سینئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔،تعزیتی اجلاس کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ  کے کنونیئر محمد فاروق رحمانی کے زیر صدارت منعقد ہوا ،تحریک حریت جموں وکشمیر کے کنونیئر غلام محمد صفی نے اس موقع پرسینئر حریت رہنما مصدق ملک کے لئے دعاء کرائی اور ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا، حریت رہنماوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی۔

حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری  اور مسلم لیگ کے خصوصی نمائندہ شیخ عبدالمتین نے بھی حریت رہنماء محمد مصدق عادل کے انتقال پر  دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کیا  ہے انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ محمد مصدق عادل کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات کو ہمیشہ یار رکھاجائے گا ، واضح رہے کہ مصدق عادل پیر کومقبوضہ جموں و کشمیر کے سوپورقصبے میںانتقال کرگئے۔