ثمینہ علوی کادورہ کینسرہسپتال کوئٹہ، طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار


کوئٹہ(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے منگل کو یہاں امراض سرطان کے ہسپتال سینٹر فار نیو کلئیر میڈیسن اینڈ ریڈیو تھیراپی “سینار “کا دورہ کیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے 808 ملین روپے کے اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت ہسپتال میں نصب کی گئی جدید ریڈیو تھراپی مشین کا افتتاح کیا ،

اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر حافظ خوش نصیب اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر فیروز خان اچکزئی نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کو ادارے میں سرطان کے علاج معالجے کے لئے ہونے والی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا ۔

اس موقع پر بلوچستان کی ممتاز سماجی شخصیت  ثریا اللہ الدین بھی موجود تھیں ۔خاتون اول بیگم ثمینہ علوی  نے او پی ڈی،  پی آر سی لیب سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ بلوچستان میں  سرطان کے علاج معالجے کے لئے  سینار کی طبی خدمات قابل ستائش ہیں جہاں کینسر جیسے  موذی مرض میں مبتلا افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سینار کوئٹہ میں جدید طبی آلات کی فراہمی سے کینسر میں مبتلا مریضوں کو مقامی سطح پر تشخیص کی طبی سہولیات میسر آئیں گی جو بلوچستان میں ایک مثبت  غیر معمولی طبی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی اداروں کی معاونت اور سرپرستی جاری رکھے گی اور غریب افراد کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کو موثر بنانے کا  عمل  جاری رکھا جائے گا۔