وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے :صدر مملکت


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے احساس محرومی کے خاتمے کو انتہائی اہمیت دیتی ہے،

کوئٹہ میں گورنر ہاوس میں خصوصی افراد کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانا ضروری ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کی تربیت کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کی ترقی کیلئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ خاتون او ل بیگم ثمینہ عارف علوی ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،گورنر بلوچستان سید ظہور آغا اور عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ مریم ملک بھی اجس موقع پرموجود تھیں،

علاوہ ازیں بلوچستان کے گورنر سید ظہوراحمد آغا اور وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں گورنر ہاوس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم سیاسی اور انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران صدر کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔۔ قبل ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔

خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی بھی صدر کے ہمراہ ہیں۔ کوئٹہ ائرپورٹ پہنچنے پر گورنر اور وزیراعلی بلوچستان اور اعلی شخصیات نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ گورنر ہاوس آمد پر بلوچستان کانسٹبلری کے دستہ نے صدر مملکت کو سلامی دی