وزیراعظم جتنے مرضی تبدیلی کے نعرے لگا لیں ان کی حکومت کی نااہلی آشکار ہو چکی ہے۔مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ ۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومتی بے حسی، بدعنوانی ،غفلت وکوتاہی کی وجہ سے ملک کے بائیس کروڑعوام مصائب اور تکالیف میں مبتلا ہیں ۔ ایک بیان میںمولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بدعنوان وبدنام آمریت وسیاست نے ملک وملت کو بدنام کر دیا ۔کئی دہائیوں سے بدقسمت عوام کو بدعنوان حکومت ،بدعنوان آمریت وبدعنوان اپوزیشن نے مسائل ومشکلات کے دلدل میں پھنسا دیا ہے۔مسائل کا حل اسلامی حکومت اور اسلامی حکومت جماعت اسلامی بہترین طریقے سے قائم کرسکتی ہے ۔جمہوریت کی بات کرنے والی سیاسی جماعتوں میں خود جمہوریت نہیں۔بدعنوانی ختم کرنے والے خود بدعنوان بن گیے ہیں۔پی ٹی ایم وحکومت میں کوئی خاص فرق نہیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام بدعنوان موروثیت وآمریت کا مسلط شدہ نظام کو بدلنے اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیںجب تک اسلامی حکومت قائم نہیں ہوگی عوام پر چہرے بدلنے والے بدعنوان مسلط ہوں گے ۔ آج بھی ملک میں دو نظام رائج ہیں۔ عدالت میں غریب کو انصاف نہیں ملتا، احتساب کا نظام درہم برہم ہے۔ اشرافیہ کے لیے الگ اور غریبوں کے لیے الگ نظام ہے۔ ملک 47ہزار ارب کا مقروض ہو چکا ہے۔معیشت تباہ ہے۔ بیرون ملک پاکستانی محنت مزدوری کر کے پیسہ ملک میں بھیجتے ہیں اور ہماری اشرافیہ کے نام پنڈوراپیپرز اور پانامہ لیکس کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ قوم نے سابقہ اور موجودہ پارٹی کو آزما لیا ہے۔ وزیراعظم جتنے مرضی تبدیلی کے نعرے لگا لیں ان کی حکومت کی نااہلی آشکار ہو چکی ہے۔ اس حکومت نے پہلے سے کمزور معیشت کو پوری طرح بربادکر دیا۔ سوا تین سال گزر گئے موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے آج بھی کوئی ویژن نہیں ہے۔ وزیراعظم جتنی بھی اچھی تقریر کر لیں عوام کی مشکلات کم نہیں ہوں گی۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا گیا اور 36لاکھ نوجوان بے روزگار ہو گئے۔50لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ کیا گیاہزاروں لوگ بے گھر کر دیے گئے۔وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان ہوا، مگر اب وزیراعظم اپنے گھر سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے دفتر جاتے ہیں اور قوم پر احسان کر رہے ہیں کہ انھوں نے وقت بچایا۔ بدقسمتی حکومتی لوٹ مار کے باعث نہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہوا،نہ سادگی اختیار کی گئی نہ لٹیروں کو سزاملی اور نہ بدعنوانی ختم کرنے والے احتساب کا سسٹم رائج ہواجس کی وجہ سے عوام کا اعتماد ان پر بھی ختم ہوا مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ مسائل ومشکلات بدعنوانی سے قوم کو نجات ملیں #