حکومت واپوزیشن عوام سے مخلص نہیں حقیقی اپوزیشن جماعت اسلامی ہے،مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان میںوفاق وصوبائی حکومتوں کی بے حسی بدعنوانی کی وجہ سے زراعت ،معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے

۔حکومت واپوزیشن عوام سے مخلص نہیں حقیقی اپوزیشن جماعت اسلامی ہے جو اس حکومت کی ابتداء سے عوام دشمن حکومتی پالیسیوں کے خلاف میدان عمل میں جدوجہد کر رہی ہے ۔جماعت اسلامی بلوچستان سمیت ملک وملت کو تباہی وبربادی سے بچائیگی ۔بدقسمتی سے موجودہ حکومت میں بھی بدعنوانی میں بدترین اضافہ ہورہا ہے ہرطرف لوٹ مار،اقرباء پروری جاری رشوت کا بازارگرم ہے ۔

منتخب نمائندے دعوئوں واعلانات کے برخلاف کر رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کی حالت روزبروزخراب ہورہی ہے ۔وزیر اعظم کو پریشان حال عوام کی توفکر نہیں لیکن اپنے فالتو کتوں کی بہت فکر ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے وفاق وصوبائی محکموں کے ہرپراجیکٹ میں کرپشن ہورہا ہے آڈیٹر جنرل کی ہررپورٹ ہر منصوبے میں اربوں روپوں کی بے قاعدگیوں کا انکشاف تشویشناک اوراس حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔

وزیر اعظم اور وزراء مسلسل غلط بیانی کرکے قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ من پسند افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کرنا اقربا پروری کی بد ترین مثال ہے قوم پریشان ہے کہ عمران خان نے جو وعدے انتخابات سے قبل کیے تھے آج وہ کہاں گئے ؟ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی نالائقی اور نا اہلی سے تنگ آچکے ہیں۔مسائل کے انبار ہیں ، ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔

جماعت اسلامی ملک و قوم کو پڑھی لکھی اور دیانت دار قیادت فراہم کرسکتی ہے۔ اداروں کا بیڑا غرق ہوگیا ہے۔ خرد برد اور کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں۔

احتساب چند خانداروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ ملک و قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک بلا تفریق احتساب کا عمل شروع نہیں کیا جاتا۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

جماعت اسلامی فرد کو نہیں نظام کو بدلنے کی بات کرتی ہے اور اس کی جگہ اسلامی نظام ملک میں رائج کرنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی دوسری سیاسی جماعتوں سے الگ ہے ہم پاکستان کے عوام کے لیے متبادل ہیں ہمارے پاس اپنا سیاسی،معاشی ،تعلیمی نظام ہے جس دن حکومت ملی پہلے دن سود کو ختم اور زکوة عشر کا نظام نافذ کریں گے۔

حرام دولت پر سیاست کرنے والوں کو جیل بھیجیں گے۔

جماعت اسلامی پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں اور بنکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والوں کے احتساب کا بھی مطالبہ کرتی ہے۔ جن پر نیب کے مقدمات ہیں ، جب تک سپریم کورٹ انہیں کلیئر نہیں کرتی ان کو الیکشن کے لیے نا اہل کیا جائے۔