پاپڑ خریدنے پر باراتیوں کا پاپڑ فروش سے جھگڑا، تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا


پتوکی (صباح نیوز) پاپڑ خریدنے پر باراتیوں کا پاپڑ فروش سے جھگڑا،  باراتیوں نے نجی شادی حال کے اندر پاپڑ فروخت کرنے والے کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا مقتول کی لاش کے ساتھ بیٹھے باراتی کھانا کھاتے رہے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے شادی حال مینجر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا ،

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، انسپکٹر جنرل آف پنجاب سردار علی خا ن نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ ریجن سے رپورٹ طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پتوکی  تھانہ سٹی پتوکی کے علاقہ کہنہ روڈ پتوکی پر واقع نجی شادی حال کے احاطہ میں جاگو والا چک نمبر 4 کا رہائشی محمد اشرف عرف سلطان پاپڑ فروخت کر رہا تھا،پاپڑ فروش اور اور باراتیوں میں پاپڑ خریدنے پر جھگڑا ہوگیا جس پر باراتیوں نے اشرف پر بیہمانہ تشدد شروع کردیا اور ملزمان اسے کھینچ کر تشدد کرتے ہوئے شادی حال کے اندر لے گئے جہاں پروہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا مقتول کی لاش کے ساتھ بیٹھے باراتی پرسکون ماحول میں کھانا کھاتے رہے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرل پتوکی آصف حنیف جوئیہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے جنہوں نے فوری طورپر شادی حال کے مینجر کو گرفتار کرلیا جبکہ تمام باراتی موقع سے فرار ہوگئے کوئی بھی باراتی پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکا میڈیا پر خبر نشر ہوتے ہی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ، انسپکٹر جنرل آف پنجاب را سردار علی خان  نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ ریجن سے رپورٹ طلب کرلی جس پر ڈی پی او قصور صہیب اشرف گجر نے ضلع بھر کی پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا جس پر پتوکی پولیس نے شادی حال مینجر سمیت 13 ملزمان کو مختلف مقامات پتوکی ،سرائے مغل ،نگن پور  سے رات گئے چھاپے مارکر حراست میں لے لیا گرفتار کئے گئے ملزمان سے پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ جاری ہے تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے مقتول کے بہنوئی پرویز کی تحریری درخواست پر نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا