عمران خان بے حس ہیں، گھر جائیں،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آٹھ سال سے خیبر پختونخوا میں عمران خان آپ کی حکومت ہے، آپ نے اے پی ایس کے بچوں کے والدین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، آپ بے حس ہیں گھر جائیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے چینی، ایل این جی اور پیٹرول چوری کا پوچھیں، جواب ملے گا کہ پچھلی حکومتوں نے کیا، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پیسے دیکر آپ ان بچوں کو واپس لا سکتے ہیں ؟ آپ نے سپریم کورٹ میں شرمناک بیان دیا کہ میں مل لوں گا۔

انہوں نے کہا  کہ کیا آپ کو سپریم کورٹ بتائے گی کہ آپ کو کیا کرنا ہے ؟ ان سے پوچھیں جن کے بچے شہید ہوئے، اس وقت کے وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان دیا جسے آپ نے دفن کیا، اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب دیا، جب آپ وزیر اعظم بنے تو آپ نے ان تمام چیزوں کو ختم کر دیا، آپ وزیر اعظم ہیں تو کہتے ہیں کہ نواز شریف سے پوچھیں کیا ہوا تھا ؟ اب آپ جواب دیں گے 3 سال ہوگئے نیشنل ایکشن پلان آپریشن ردالفساد کا کیا ہوا ؟ آپ گھر جائیں نواز شریف اب بھی سب کرلے گا پہلے بھی سب کیا تھا۔