وزیراعظم کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس، قومی اسمبلی اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کوبلانے پر اتفاق کر لیا گیا تاہم ارکان نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیرِ اعظم کو دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے شرکا ء کوقانونی ٹیم نے قومی اسمبلی اجلاس اور تحریک عدم اعتماد کے قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ وفاقی وزرا پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری اور شفقت محمود کے علاوہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق بریفنگ دی جس کے بعد شرکا کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے منحرف ارکان سے متعلق حکمتِ عملی بنائی گئی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتحادیوں سے معاملات پر حکومتی کمیٹی نے اجلاس کو بریفنگ بھی دی۔ذرائع کے مطابق شرکاء نے ارکان کی حاضری کا پتا چلانے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی، کچھ ارکان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں پتا چلا ہے، اس طرح ان کے نام سامنے آ جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے نہ ہی اس غیر قانونی اقدام کی کسی صورت اجازت دی جائے گی، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو کارروائی کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کون سے ارکان ممکنہ طور پر کسٹڈی میں ہو سکتے ہیں، شرکاء کو اس حوالے سے تفصیل حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعظم نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی جبکہ حکومت کی جانب سے جوابی ایکشن کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا ء نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دے دیا ہے، اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ ہیں، عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے۔