حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ نہیں دیں گے،سینیٹر مشتاق احمد خان


پشاور ( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سپریم کورٹ جاکر بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے۔

حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ نہیں دیں گے۔صوبائی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ جانے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

جماعتی بنیادوں پرالیکشن کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے صوبائی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسے اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔ پشاور میں پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام شو تھا۔ پشاور کے عوام نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی پی ٹی آئی کو بلدیاتی الیکشن میں” نہ گھبرانے” کا مشورہ دے دیا ہے۔

جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور اس کے لئے ہر قسم کی تیاریاں جاری ہیں۔ ہم نے ہر تحصیل اور ویلج و نیبر ہُڈ کونسل میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی واضح کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کراکر چاہتی ہے کہ بعد میں آزاد امیدواروں کو دھمکیوں اور پیسے کا لالچ دے کر اپنی جماعت میں شامل کرلیں گے۔ ہم  پشاور ہائی کورٹ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے صوبائی حکومت کے اس منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے جماعتی بنیادوں پر انعقاد کے فیصلے پر سپریم کورٹ جاکر حکومت نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

جب الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے میں کوئی پریشانی یا مسئلہ نہیں تو حکومت کیوں عدالتی حکم کے خلاف جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کی ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس صالح اور دیانتدار قیادت موجود ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بلدیاتی نظام میں جماعت اسلامی کے امیدواروں نے ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ اگر عوام نے جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کیا تو انھیں مایوسی نہیں گی۔