امام الحق کی سنچری، راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن گرین شرٹس کے نام


راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان نے امام الحق سمیت بلے بازوں کے عمدہ کھیل کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنا لیے ہیں۔راولپنڈی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریلین بالرز کا بھرپور امتحان لیا اور پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا لیکن کھانے کے وقفے سے محض چند لمحے قبل نیتھن لائن کی ایک گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عبداللہ شفیق کیچ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 44رنز بنائے۔دوسرے اینڈ پر موجود امام الحق نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری مکمل کی۔تجربہ کار اظہر علی اور امام دونوں نے آسٹریلین بالرز کو وکٹ سے محروم رکھا اور دوسرے اور تیسرے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔امام الحق نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود اظہر نے بھی نصف سنچری تک رسائی حاصل کی۔جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے۔

امام الحق 15 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 132 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ اظہر بھی 64 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے واحد کامیاب بالر نیتھن لائن رہے جنہوں نے عبداللہ شفیق کی وکٹ لی تھی۔میچ سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے، پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو نے پریس کانفرنس کی۔پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز پاکستان میں بہت خوش ہیں، پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین جگہ ہے، پاکستانی عوام کرکٹ سے بیپناہ محبت کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے نے کہا کہ آج بہت تاریخی دن ہے، پاکستان میں ہمارا بہت گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، شاندار استقبال کرنے پر ہم پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت سب کے شکرگزار ہیں۔پریس کانفرنس میں پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، فخر محسوس کررہا ہوں کہ میرے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران بیٹھے ہیں، پاکستان کے کرکٹ مداح آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔فیصل حسنین نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، پاکستان کے کرکٹ مداحوں نے آسٹریلیا کو دیکھنے کے لیے 24 سال انتظار کیا، دونوں ممالک کے درمیان بہترین معیار اور کانٹیدار کرکٹ سیریز ہونے والی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان، صرف کرکٹ کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے، آج کا دن ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ایلرڈائس کا پریس کانفرس میں کہنا تھا کہ آسٹریلیا ٹیم کا دورہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے اہم ہے، دونوں ٹیموں کیدرمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے 1998 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ ان وکٹوں کے حوالے سے زیادہ معلومات نہیں رکھتے البتہ راولپنڈی کی وکٹ عمومی طور پر فاسٹ بالرز کو سپورٹ کرتی ہے اور آسٹریلین پیس اٹیک کے لیے سازگار ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم 24سال بعد پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں 4 مارچ سے 8 مارچ تک پہلا ٹیسٹ میچ کھلیں گی، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ کراچی اور تیسرا لاہور میں 21 مارچ سے 25 مارچ تک کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان  اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، چھیاسٹھ ٹیسٹ میچز میں   تینتیس مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے پندرہ بار میدان مارا جبکہ اٹھارہ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے