حکومت کا قبلہ اب آئی ایم ایف وامریکہ ہے، مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ دینی وعصری علوم سے لیس باکردار لوگ ہی ملک وملت کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں مساجد ومدارس اسلام کے قلعے ان کو آبادکرنے والے اللہ کے پسندیدہ لوگ ہیں قلعہ سیف اللہ میں دینی وعصری علوم کے مرکزکاافتتاح خوش آئند ہے انشاء اللہ دارالعلوم منصورہ مرکزیہاں کے نوجوانوں کو علم کے نور سے منور کرنے میں اہم کردار اداکریگا ۔ پاکستان ایک مسجد ہے جس کی بنیاد لاالہ الا اللہ پر ہے ۔ اسلام کو درمیان سے نکال دیا جائے تو پاکستان اور ہندوستان میں کوئی فرق نہیں رہے گا ۔ حکومت کا قبلہ اب بھی مدینہ کے اسلامی ریاست کے بجائے آئی ایم ایف وامریکہ ہے انشاء اللہ پاکستان کو مساجد ومدارس اور علمائے کرام اسلامی بناکر خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے مساجد ومدارس اور تعلیمی ادارے آباد ہوں گے تو ملک وملت بھی آباد ہوگا ۔

ان خیالات کاا ظہارانہوں نے نسائی قلعہ عبداللہ میں عالم دین مولانا عبدالحمیدمنصوری کے مسجد ومدرسہ دارلعلوم المرکز اسلامی کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نوازخان ،نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان زاہد اختر بلوچ ،سابق ایم پی اے عین اللہ شمس ،تنظیم اساتذہ کے صوبائی صدرپروفیسر عبدالرحمان موسیٰ خیل، مسجد ومدرسہ دارلعلوم المرکز اسلامی کے مہتمم وڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحمید منصوری ،جے آئی یوتھ کے مرکزی نائب صدر نورالدین غلزئی ،لورالائی کے صدر محمد ولی صبائون،نذیف اللہ سمیت جمعیت علماء اسلام (ف)و جماعت اسلامی کے رہنما وعلمائے کرام موجود تھے ۔قبل ازیں مولانا عبدالحق ہاشمی نے دیگر علمائے کرام کے ہمراہ المرکز اسلامی دارالعلوم منصورہ مرکز کا افتتاح اور دعائے خیر کیا ۔

تقریب سے مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے مرکزدارالعلوم ومسجد کوبنانے اور آبادکرنے کے لیے بڑی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ مسجد ومدرسہ علم و عبادت پھیلانے کا ذریعہ ہے اسلامی حکومت قائم ہو جائے تو مساجد کی صورت میں ہمارے پاس اتنی عمارتیں ہیں کہ مزید سرکاری عمارتیں بنانے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سے استاد تک تمام سرکاری اہلکار مسجد میں اپنے امور نمٹا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مساجد میں عدالتیں لگیں گی تو انصاف کے فیصلے ہوں گے ۔ مساجد میں بیٹھ کر نہ صرف مسائل حل ہوں گے ، بلکہ سب کو یکساں تعلیم بھی ملے گی ۔ ہم اس ملک کو عملی طور پرحقیقی اسلامی مملکت بنائیں گے پاکستان اسلامی بنا تو رحمت کے دروازے کھل جائیں گے اور پاکستان دنیا بھر میں ترقی و خوشحالی کی مثال بنے گا ۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان کی معیشت سود سے پاک ہوگی اور پاکستان میں غریب کے بچے کو بھی وہی تعلیم ملے گی جو صدر اور وزیراعظم کے بچوں کو ملتی ہے ۔