گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان ہفت مالی خواندگی 2025 کا افتتاح کر دیا

کراچی (صباح نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان  ہفت مالی خواندگی 2025 کا افتتاح کر دیا۔پاکستان  ہفت مالی خواندگی (پی ایف ایل ڈبلیو) 2025 ء کی افتتاحی تقریب آج قومی ادارہ برائے بینکاری و مالیات (نباف) کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مالی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز  نے شرکت کی تاکہ “مالی شمولیت بذریعہ اشتراک و جدت طرازی” کے موضوع کے تحت مالی تعلیم اور جامع ترقی کی اہمیت کو فروغ دیا جاسکے۔ گورنر بینک دولت پاکستان نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔

اس تقریب کی نمایاں خصوصیت نیشنل فنانشل ایجوکیشن روڈ میپ کا اجرا تھا جس کی رونمائی گورنر اسٹیٹ بینک نے کی۔ یہ اسٹریٹجک دستاویز پاکستان کے وژن اور قابلِ عمل فریم ورک کا خاکہ پیش کرتی ہے جس کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات کے لیے معیاری مالی خدمات کے بارے میں معلومات اور ان تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔جمیل احمد نے ایک زیادہ جامع اور مستحکم مالی نظام کی تشکیل میں مالی خواندگی کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ملک میں مالی شمولیت کی تعداد بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور مالی خواندگی کی کوششوں میں بینکاری صنعت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔

پاکستان  ہفت مالی خواندگی 2025 کی سرگرمیاں 18اپریل 2025 تک جاری رہیں گی، جن میں آگاہی مہم، مالی تعلیم کے سیشنز، اسکول outreach پروگرام، ڈجیٹل طور پر منسلک کرنے کے اقدامات اور فنانشل لٹریسی واک سمیت متعدد سرگرمیاں شامل ہیں۔ اپنے خطاب کے دوران گورنر نے کہا کہ پاکستان نے مالی شمولیت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کے ذریعے نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی مالی خواندگی پروگرام برائے بالغ اور نوجوان افراد کے تحت 34 لاکھ سے زائد افراد کو کامیابی کے ساتھ تربیت دی جا چکی ہے، جن میں 58 فیصد خواتین شامل ہیں۔ بلوچستان میں اساتذہ کے لیے ایک خصوصی مالی خواندگی پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد تاریخی طور پر پسماندہ علاقوں میں تدریسی برادری کو بااختیار بنانا ہے۔

برابری پر بینکاری (بی او ای) پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس پالیسی نے مالی رسائی میں صنفی فرق کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جو 2018 ء کے 47فیصد سے کم ہو کر 2023ء  میں 34فیصد رہ گیا ہے۔ مزید برآں، پاکستان کے پہلے فوری ڈجیٹل ادائیگی کے نظام راست کے آغاز نے عوام کے لیے تیز، محفوظ اور کم لاگت مالی لین دین کی سہولت فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ آسان ڈجیٹل اکانٹ اور آسان موبائل اکانٹ نے لاکھوں افراد کے لیے بینک اکانٹ کھولنے اور ڈجیٹل مالی خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنا دیا ہے۔ مزید برآں مالی تعلیم، شمولیت اور جدت طرازی کو فروغ دینے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں بینکوں اور اداروں کو ایوارڈز پیش کیے گئے جنہوں نے مالی خواندگی تک رسائی، مالی شمولیت و خواتین کی مالی شمولیت اور ڈجیٹل جدت طرازی کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

  تقریب میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن، اسٹیٹ بینک اور ایس بی پی بی ایس سی کے سینئر عہدیداران، پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور دیگر بین الاقوامی اور ملکی اسٹیک ہولڈرز کے اعلی سطحی نمائندوں نے شرکت کی۔ معروف بینکوں کے صدور اور سی ای اوز کے علاوہ مالی اور ترقیاتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی جو ملک بھر میں مالی خواندگی کے مقصد کو فروغ دینے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔