لاہو ر(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما شہرہ آفاق سکالر، مفکر، پارلیمنٹرین پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے نام تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں جن میں مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پروفیسر خورشید احمد کی دینی،علمی اور فکری خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدیداسلامی اقتصادیات کے معمار تھے اور برطانیہ کی اسلامک فاونڈیشن کے بانی تھے۔ ان کی وفات عالم اسلام کے لئے ایک سانحہ ہے۔ ان کا دینی اور علمی ورثہ نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔ اخوان المسلمون مصر کے قائم مقام مرشد عام ڈاکٹر صلاح عبدالحق، اخوان المسلمون کے رہنما ڈاکٹر محمود حسین، اخوان المسلمون شام کے مراقبہ عام ڈاکٹر عامر بوسلامہ، اخوان المسلمون اردن کے سابق مراقب عام ڈاکٹر ہمام سعید، حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدن حکمت یار، اتحاد العالمی ا لعلماء المسلمین قطرکے سر براہ شیخ علی محی الدین قرہ داغی، اورجنرل سیکریٹری شیخ علی الصلابی،
موریطانیہ کیمرکز تکوین العلماء کے صدر شیخ محمد الددو، ملائیشیا کی حزب اسلامی کے صدر عبدالہادی اوانگ، کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائ، جنوبی افریقہ سے ڈاکٹر ابراہیم رسول، جمعیت اصلاح افغانستان کے سربراہ ڈاکٹر مزمل، الجزائر کی اسلامی تحریک کے سابق صدور ڈاکٹر عبدالرزاق المقری اور ڈاکٹر ابو جرہ سلطانی، جماعت اسلامی سری لنکا کے صدر ڈاکٹر عزیر اصلاحی، ترکی کی حکمران جماعت کے رہنما ڈاکٹر امین سرچ، نیو رفاہ پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر فاتح اربکان، سعادت پارٹی ترکیہ کے نائب صدر مصطفی کایا نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے نام اپنے تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ پروفیسر خورشید احمد جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی رہ چکے ہیں۔