راولپنڈی (صباح نیوز) فلسطین اور غزہ کے نہتے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایم اے ہارون شیخ کی قیادت میںسرکلر روڈ سے بنی چوک تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔ عالم اسلام کی شدید بے حسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔شرکاء نے بینرز اور فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر سرکل روڈ، پرانا قلعہ، سٹون ایسوسی ایشن کے چیئرمین مرزا منصور بیگ، پریس مارکیٹ کے صدر استاد حاجی رفیق اور انجینئر نائب صدر خان آصف خان ، قاسم خان اور دیگر تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بنی چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم اے ہارون شیخ نے اپنے خطاب میں عالم اسلام کے لیڈروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دنیا کے ہر کونے سے اٹھنے والی یہ صدائیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ مسجد اقصیٰ کی حفاظت کیلئے فلسطینی عوام قربانیاں دے رہی ہے۔ عالم اسلام اور خصوصاً اہل عرب بالکل لا تعلقی اختیار کر چکے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو ظلم وبر بریت سے باز رکھے،اور عورتوں اور بزرگوں پر بمباری، اسپتالوں کے لیے فوری اور سخت اقدامات کریں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خورشید قریشی ،مرزا منصور بیگ نے کہا کہ نہتے مسلمانوں،سکولوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے لیکن افسوس کہ عالمی طاقتیں اور نسانی حقوق کے علمبردار ادارے محض تماشائی بنے بیٹھے ہیں ہمیں عملی اقدام کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی فورم پر آواز بلند کرنا ہو گی ۔ ہم اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری اسرائیل کو ظلم وبر بر یت سے باز رکھے ۔عورتوں اور بزرگوں پر بمباری، اسپتالوں کے لیے فوری اور سخت اقدامات کریں ہمیں مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا گا ورنہ ہمیں تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ ریلی کے آخر میں مظلوم فلسطینیوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔