لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ اہلِ کراچی آپ اسلام اور مِلتِ اسلامیہ کا فخر ہیں. اہلِ غزہ (فلسطین) سے تاریخ ساز اظہارِ یکجہتی، اہلِ پاکستان کی باوقار ترجمانی کرتے ہوئے حقیقتا غزہ کے مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی صیہونی ظالموں، قاتلوں کے خلاف پوری دنیا اور خصوصا عالمِ اسلام کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا ہے.
لیاقت بلوچ نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے ان کی اور ان کے ٹیم کو بیمثال محنت اور مثالی جذبوں سے کراچی کے مرد و خواتین، علما، نوجوانوں، محنت کشوں اور محب دین، محب وطن عوام کو متحرک اور فقید الثال ریلی کے لیے منظم کرنے پر شاباش دی. لاہور اور کراچی ریلیوں کے بعد 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد کے غزہ مارچ بھی تاریخ ساز ہونگے.
لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام اور دنیا بھر میں بیداری کی نئی لہر طاقت ور لہر بنے گی اور عالمِ اسلام کے حکمرانوں کو بیحِسی، بیحمیتی کی چادر اتارنا ہوگی. امریکہ اور یورپ کو بھی ارب ہا انسانوں کی نفرتوں اور غم و غصے سے بچنے کے لیے اپنا مائنڈ سیٹ بدلنا ہوگا. #