مسلم لیگ (ن)اپنے اقلیتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (صباح نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، مسیحی برادری کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار پام سنڈے کی تقریبات کے موقع پر پینسرہ میں بیت حسدہ چرچ آمد پر کیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ تمام مسیحی برادری کو آج کے دن کی مبارک دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے اپنے اقلیتی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، مسیحی برادری کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہم نے ہمیشہ آ پ کی عزت اور مال کی حفاظت کو مقدم رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہماری طرف سے آپ کو کبھی کوئی شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں چرچز کے جو مسائل ہیں ان کو بھی حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ کے بعض دیہات میں قبرستان سے متعلق مسائل ہیں کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی ایک جگہ ایسی مختص کر دی جائے جہاں آپ اپنے پیاروں کو دفنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منیارٹی کارڑز کے حوالہ سے جو حصہ اس حلقہ کی اقلیتی برادری کا ہے وہ بھی رجسٹرڈ کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کا اور میاں اجمل آصف کا یہاں آنے کا مقصد آپ لوگوں کو یہ باور کرانا ہے کہ آپ کے اور ہمارے درمیان کوئی فرق نہیں ہے،آپ کی مائیں بہنیں ہماری بھی مائیں بہنیں ہیں۔