لاہور(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور معروف سفارت کار سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر عائد اضافی محصولات کا خطرہ عارضی طور پر ٹل گیا ہے، پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی برآمدات کو بڑھانے کے لیے یورپ، خلیج اور پڑوسی جنوبی ایشیائی ممالک میں نئی منڈیوں کی نشاندہی کرے۔
وہ لاہور میں ورلڈ ٹائمز انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پاکستان کی خارجہ پالیسی، سیکیورٹی چیلنجز اور آگے کا راستہ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔علاقائی سلامتی کے خدشات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ افغانستان میں غیر ملکی ہتھیاروں کی موجودگی اور افغان سرزمین کا پاکستان کی سلامتی کے خلاف استعمال ملک کی خودمختاری اور استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنے خدشات کو کابل انتظامیہ تک واضح طور پر پہنچانے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرے۔