موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے ،آپ سے حکومت نہیں ہو رہی تو گھر چلے جائیں ،حافظ نعیم الرحمن


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت فارم  47 کی پیداوار ہے،بادشاہ سلامت اور شہزادی بننے کا عمل کوئی نیا نہیں ہے،انہوں نے خاندانوں میں حکومت بانٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ  یہ خود ٹھیکے پر دی گئی حکومت ہے،اس لیے یہ بنیادی چیزوں کو بھی ٹھیکے پر دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کنٹریکٹ ملازمین کوفوری طور پر ریگولر کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈہیلتھ الائنس کے مال روڑ پر احتجاجی دھرنا میں اظہار یکجہتی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری بھی موجود تھے۔حاجظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ پنجاب سے مسترد شدہ حکومت ہے اسٹیبلشمنٹ نے انہیں ہم پر مسلط کردیا ہے۔غریب اور امیر کے لیے ایک ہی قانون ہونا یہ ریاست کی ذمہ داری ہے،لیکن بدقسمتی سے ایسی حکومت مسلط ہے جو نہ تعلیم دیتے ہیں نہ صحت کی سہولیات دیتے ہیں،اس عوام کا کیا قصور ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے عوام کی زندگی مشکل کر دی ہے،ہماری زمہ داری ہے کہ جدوجہد کر کے انہیں روکیں۔انہوں نے کہا کہ انکے والد بھی یہی کیا کرتے تھے اب چچا بھتیجی بھی وہی کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم  محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں،اگر کسی ایک کی بھی نوکری گئی ہم ساتھ کھڑے ہوں گے،اگر آپ سے حکومت نہیں ہو رہی تو گھر چلے جائیں اور ہماری جان چھوڑ دیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کنٹریکٹ ملازمین کوفوری طور پر ریگولر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آپ ٹیکس لگاتے ہیں بجلی کے بلوں سے پیسے کاٹتے ہیں پھر بھی سکون نہیں،یہاں جو پیرامیڈیکل سٹاف موجود ہے یہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں،یہ بچیاں اتنی محنت کر کے ڈاکٹر بنتی ہیں۔جب ڈاکٹر بنتی ہیں تو تنخواہ پچاس ہزار کیا یہ ظلم نہیںہے،پرائیوٹ سیکٹر میںبھی ظلم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2400 بیسک ہیلتھ یونٹ کو مریم نواز کا نام دیا جارہا ہے،جو کام کرنے والے ہیں وہ کیے جائیں ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے ہر شعبے میں ٹیکس وصول کیا جارہا ہے اداروں کی لوٹ سیل لگائی جارہی ہے۔یہاں پر موجود سب لوگ اپنے اداروں کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر میں لوٹ مار مچی ہوئی ہے،پاکستان میں صحت سے متعلق بحران پیدا ہورہا ہے۔ایک ادارہ بھی آوٹ سورس نہیں ہونا چاہیے جماعت اسلامی آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔آپ ان سیاسی جماعتوں سے سوال کریں جو زندہ باد اور شخصیات کی سیاست کرتے ہیں مگر عوامی مسائل پر عوام کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ یہ جو خاندانی اور درباری نظام چل رہا ہے اسکو خیر باد کہنے کا وقت ہے،
سب کو سیسہ پلائی دیوار بننا پڑے گا ہم آپکے ساتھ ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مریم نوازخاتون ہونے کا فائدہ لیتی ہیں۔مریم بی بی یہ بھی قوم کی بیٹیاں ہیں جو سڑکوں پر بیٹھی ہیں، شرم کرو انکے حقوق کا تحفظ کرو۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے طاقت کا استعمال کرنے کی کوشش کی تو پھر حکومت پنجاب کو نتائیج بھگتنے پڑیں گے