ڈڈیال(صباح نیوز) عوامی ایکشن کمیٹی اور مذہبی جماعتوں کی اپیل پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں صدائے حق پارٹی، تاجر برادری، علما کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جلوس مرکز اہلسنت زمان چوک سے حافظ ظہیر کی قیادت میں نکالا گیا، جو شہید چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ مظاہرین نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مقررین سید فیاض الحسنش، چوہدری ظفر، انوار ڈار، خواجہ مہران، ملک جمیل، غوث علی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اسپتالوں، اسکولوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری کر کے انسانیت سوز جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، جو پوری امت مسلمہ کے ضمیر پر حملہ ہے۔انہوں نے مسلم حکمرانوں سے عملی اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت تقاریر کا نہیں، فیصلوں کا ہے۔
مقررین نے قومی فلسطین کانفرنس کے اعلامیے کی مکمل تائید کا اعلان بھی کیا۔احتجاجی مظاہرہ پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جبکہ آخر میں فلسطینی عوام کے حق میں اجتماعی دعا کی گئی اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی اپیل کی گئی