فلسطین سے وفا کا مطلب توڑ پھوڑ نہیں۔حسن بلال ہاشمی

پشاور(صباح نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر مظلوم فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو پوری شدت اور شعور کے ساتھ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ناظم اعلی حسن بلال ہاشمی نے اس موقع پر بعض مقامات پر پیش آنے والے پر تشدد واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری مزاحمت کی پہچان شعور، وقار اور امن ہے۔  فلسطین سے وفا کا مطلب توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی یا قانون شکنی نہیں۔ ایسے اقدامات ہماری جدوجہد کو کمزور کرتے ہیں، اس لیے ہم تمام نوجوانوں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نظم و ضبط اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بائیکاٹ کی مہم کو آگے بڑھائیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے اس مہم کو ایک شعوری مزاحمت قرار دیا ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی نوجوان ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا جانتے ہیں، مگر ان کی جدوجہد پر امن، باشعور اور بامقصد ہے۔

ناظم اعلی  کا کہنا تھا کہ جمعیت کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی جو عام شہریوں، نجی املاک یا قومی مفادات کو نقصان پہنچائے۔ “ہماری جنگ نظریاتی ہے، ہماری زبان دلیل ہے، اور ہمارا راستہ امن ہے۔ فلسطینی خون کے ساتھ تجارت کرنے والوں کا بائیکاٹ ہر سطح پر جاری رہے گا، مگر مکمل نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ ہوگا اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے تمام طلبہ تنظیموں، تعلیمی اداروں اور سوشل ایکٹیوسٹس کو بھی اس مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے تاکہ فلسطینی مظلومین کی آواز عالمی ضمیر تک پر امن انداز میں پہنچائی جا سکے