یومِ شہدا صوبہ ہزارہ کے موقع پر12 اپریل کوجلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں اہم کانفرنس ہوگی

ایبٹ آباد(صباح نیوز)ایبٹ آباد  یومِ شہدا صوبہ ہزارہ کے موقع پر 12 اپریل بروز ہفتہ ایک اہم کانفرنس کا انعقاد جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں کیا جا رہا ہے، جو دوپہر 1 بجے شروع ہوگی۔ اس کانفرنس کا مقصد صوبہ ہزارہ تحریک کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور تحریک کے مقاصد کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب کی صدارت صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کریں گے۔

اس موقع پر ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تمام جماعتوں کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی شرکت کے ذریعے نہ صرف تحریک سے یکجہتی کا اظہار کریں بلکہ شہدا کو بھی بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کریں۔مرکزی کوآرڈینیٹر صوبہ ہزارہ تحریک، پروفیسر سجاد قمر نے بیان کہا کہ “یومِ شہدا ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

“انہوں نے سیاسی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ آپ اپنی بروقت آمد کے ذریعے شرکا نہ صرف شہدا سے اپنی عقیدت کا اظہار کریں بلکہ تحریک کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کریں۔یہ تقریب صوبہ ہزارہ تحریک کے تسلسل کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا اور ایک پرامن آئینی جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کا حصول ہے۔ ہزارہ تحریک کا مقف ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔یاد رہے کہ ہر سال 12 اپریل کو ہزارہ ڈویژن اور ملک بھر بسنے والے ہزارہ وال یومِ شہدا عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں تاکہ 2010 کے سانحہ ایبٹ آباد کے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھا جا سکے۔کانفرنس میں ہزارہ کے سیاسی، سماجی، اور مذہبی حلقوں کی نمائندہ شخصیات کو  شرکت  کی دعوت ہے۔