گوادر (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو حقوق روزگار کاروبار کے مواقع دے دیں بدقسمتی سے بلوچستان کے عوام کاکوئی ولی وارث نہیں۔ بات سننے ،سمجھنے مسائل کو حل کرنے کے بجائے طاقت کااستعمال کرکے آمریت کی یادتازہ کی جاتی ہے ۔لاپتہ افراد کی بازیابی کے بجائے لاشیں پھینکی جاتی ہے ۔مسلم حکمرانوں سپہ سالاروں کی وجہ سے غزہ مقتل گاہ بن گیا۔ عوام امریکی اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ الخدمت سے فلسطین فنڈمیں تعاون کریں ۔حکمرانوں اسٹبلشمنٹ کو بلوچستان کے عوام سے نہیں وسائل سوناچاندی سمیت معدنیات سے دلچسپی ہے ۔سکیورٹی والے بھی سیکورٹی کے نام پر وسائل لوٹ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرمیں تقریب سے خطاب وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوان بے روزگار،مائوں بہنوں کے بچے اوروالدلاپتہ ہیں کاروبار طبقات کیلئے بارڈر زکے بعد اب مین شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ تعلیم وصحت کی سہولیات ناپید، عوام پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔ بدقسمتی سے عوام اپنے ووٹوں سے اچھے دیانتدارلوگوں کو بھی منتخب نہیں کر سکتے جس کو عوام کوووٹ دیتے ہیں جس پر عوام کا اعتماد ہوتا ہے اسی کو ملک وملت کے وسائل پر قبضہ کرنے والے مستردکر دیتے ہیں اوران کے اشاروں پر چلنے والوں کو اقتداروسائل واختیار سونپ دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی احساس محرومی، مسائل ،مشکلات اور بداعتمادی میں بدترین اضافہ ہوجاتاہے ۔بلوچستان کے وسائل اگر مخلص لوگوں کے ہاتھوں میں آجائیں تو بلوچستان نہیں پورے پاکستان کے عوام کی تقدیدبدل سکتے ہیں لیکن ایساہمارے وسائل اقتدار اوراختیارات پر قابض طبقے ہونے نہیں دیتے ۔بدعنوانی کی وجہ سے ملک وملت تباہ ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں بدعنوانی کی بڑی وجہ بھی بدعنوان اسٹبلشمنٹ ،بدعنوان حکمران ہیں۔ بلوچستان کے عوام سے تعلیم وصحت کی سہولیات چھیننے کے بعد سفری سہولیات بھی چھین لی گئی ہیں۔ شاہراہیں بند کرنے کے بعد ٹرین سروس بند کی گئی اس کے بعد ہوائی جہازکے کرائے بھی ڈبل سے بھی زیادہ کیے گئے۔ کوئٹہ سے پروازیں بھی کم کی گئیں۔ بلوچستان کے عوام آفیسرزنوجوان سمیت کسی پر بھی اعتماد نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے حالات بدسے بدتر ہوگئے ہیں۔