چیئرپرسن بی آئی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے زیر صدارت پارٹنر بینکوں کے نمائندگان کے ساتھ اہم اجلاس

 اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی آئی ایس پی )سینیٹر روبینہ خالد نے سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ  پارٹنر بینکوں کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم  اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس کا مقصد بینظیر  کفالت قسط کے دوران مستحقین کو  رقوم کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بینک الفلاح، JAZZ، حبیب بینک اور دیگر اہم مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں  BISP کے تمام ڈائریکٹر جنرلز (DGs) اور زونل DGs بھی موجود تھے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کے دوران خواتین کے وقار اور احترام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیمپ سائٹس پر کسی بھی خاتون کیساتھ بدتمیزی یا بے عزتی  کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں اپنی  مستحق خواتین کو  زیادہ سے زیادہ سہولتات فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں۔چیئرپرسن  بی آئی ایس پی نے  بینک نمائندگان  پر زور دیا کہ وہ تمام نامزد کیمپ سائٹس پر POS ایجنٹس کی موجودگی، نقد رقم کی دستیابی اور بینک کی رسیدوں کے اجرا کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں پی او ایس ایجنٹس اور بی آئی ایس پی عملے کے لیے ایپ پر مبنی حاضری  کے نظام اور  مستحق خواتین  کی رہنمائی کے لیے آگاہی کیمپوں کے قیام جیسے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔سیکرٹری عامر علی احمد نے بی آئی ایس پی کے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مستحقین میں رقوم کی تقسیم  کے عمل کی مدت پوری ہونے تک روزانہ کی بنیاد پر شکایات اور مانیٹرنگ رپورٹس  بھیجیں  تاکہ مسائل  کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام پارٹنر بینکوں کے نمائندوں نے موثر خدمات کی فراہمی میں BISP  کیساتھ  اپنے مکمل تعاون اور عزم کا اعادہ کیا