مردان(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور قتل وغارت کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ ان حالات کے خلاف جماعت اسلامی 20 اپریل کو پشاور میں بھرپور امن مارچ کرے گی جس میں مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قائدین شریک ہوں گے۔
مردان پریس کلب میں ضلعی امیر غلام رسول، سعید اختر ایڈووکیٹ، ابراہیم بلند، منظورالحق اور جہانزیب خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کی نئی افسوسناک لہر میں مدارس، علما کرام اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اپنے لوگوں پر گولیاں برسانے کے بجائے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔کاٹلنگ کے علاقے بابوزئی پہاڑی پر شہریوں کی ہلاکت پر صوبائی اسمبلی میں آواز بلند کی گئی مگر وزرا بے بسی کا شکار دکھائی دیے اختیار ہونے کے باوجود وہ بھی مطالبات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بیگناہ عوام کے خلاف طاقت کا استعمال اور ناکوں پر شریف شہریوں کی بے عزتی سے عوام اور سکیورٹی اداروں کے مابین دوریاں بڑھ رہی ہے ، آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف کے ساتھ سے ان سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں بچوں اور عام شہریوں کی شہادت پر امت مسلمہ کی خاموشی افسوسناک ہے،او آئی سی کا فوری اجلاس بلا کر جنگ بندی میں کردار ادا کیا جائے جبکہ حکومت پاکستان اور پاک فوج کو بھی موثر قدم اٹھانا ہوگا۔
عبدالواسع نے کہا کہ صوبے میں سستی ترین بجلی پیدا ہونے کے باوجود عوام کو مہنگی بجلی فراہم کی جا رہی ہے،مرکز صوبے کا بجلی کی مد میں مقروض ہے فوری ادائیگی کی جائے۔حالیہ بجلی کی قیمتوں میں کمی جماعت اسلامی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، حکومت مزید قیمتیں کم کرئے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبے میں پائیدار امن کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی انہوں نے عوام اور کارکنوں سے 20 اپریل کو پشاور حاجی کیمپ مارچ میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ صوبے میں جماعت اسلامی امن ومان کے قیام کے لئے بھر پور کردار ادا کرے گی۔