وزیر اعظم نے معیشت کی بحالی کیلئے اپنے دانشمندانہ اقدامات سے قوم کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا تحفہ دیا ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی(صباح نیوز) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معیشت کی بحالی کے لیے اپنے دانشمندانہ اقدامات سے قوم کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا جو تحفہ دیا ہے اس پر قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہریوں کی بنیادی سہولیات تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہونے والے اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے اجلاس کے دوران حکومت کے بجلی کے نرخوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 7.41 روپے فی یونٹ جبکہ صنعتوں کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ کمی عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے اسے عید کا “قومی تحفہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر عملدرآمد کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مقصد نہ صرف سڑکیں، ہسپتال یا بجلی کی سہولیات فراہم کرنا ہے، بلکہ ان کا مقصد ہر شہری کو معیاری زندگی دلانا بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کے پروگراموں کا اجرا، چھوٹے کاروبار کے لیے قرضوں کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں جدید سہولیات کی تعمیر جیسے منصوبوں پر کام زور وشور سے جاری ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوامی بہبود ہے اور شہریوں کی بنیادی سہولیات تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور دیگر اعلی حکام نے اس اجلاس میں شرکت کی۔