کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ دہشتگردی نے بلوچستان میں بدامنی کیساتھ یتیموں میں بھی اضافہ کر دیا۔دہشتگردی کیساتھ ٹریفک حادثات نے بھی ہمارے بچوں کو یتیم کر دیا ہے۔ والدین کی شفقت سے محروم بچوں کی سرپرستی وامداداورتربیت الخدمت فاؤنڈیشن کا ملک گیر نام بن گیا ہے ۔یتیموں کی کفالت کرکے انہیں معاشرے کابہترین کارآمد شہری بنائیں گے ۔یتیموں کی کفالت کرنے والے اللہ کی پسندیدہ مخلوق ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے یتیموں کے عالمی دن 15رمضان المبارک کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن ،ایچ ایچ آرڈی ،بی آرایس پی اورپی پی اے ایف کے مشترکہ افطارڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ الخدمت فاؤنڈیشن ،ایچ ایچ آرڈی ،بی آرایس پی اورپی پی اے ایف نے یتیموں کے عالمی دن کے موقع پر یکجاہوکر بہترین پروگرام کا انعقاد کیا ۔مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر یتیموں بیوائوں ،ضرورت مندوں کی مددکرکے اللہ کی رضاوخوشنودی کیساتھ پریشان حال غرباء و مساکین کی بہترین مددکر سکتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات قومی اوربین الاقوامی سطح پر مانی ہوئی ہے۔ حکومت الخدمت فاؤنڈیشن کی سرپرستی کرکے یتیموں بیوائوں اور ضرورت مندوں کو بہتر ومناسب اندازسے دیانتداری کیساتھ امداد پہنچا سکتی ہے ۔
بلوچستان میں دوسرے صوبوں کی نسبت غربت ، بے روزگاری بہت زیادہ ہے۔ بلوچستان کے وسائل یہاں کے عوام پر دیانتداری سے خرچ کر کے غربت بے روزگاری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے پریشان حال عوام کی پریشانی ومشکلات میں کمی لانے کیلئے گوادرسے ژوب تک مصروف عمل ہے۔ مخیر حضرات الخدمت فاؤنڈیشن کیساتھ مالی تعاون زکوٰة وصدقات کی شکل میں کر یں ۔حکومت اور سیکورٹی ادارے عوام کو تحفظ کے دینے کے بجائے بریفنگ ،اجلاس اوربیانات کا سہارالے رہے ہیں۔ طاقت کا استعمال ،پولیس گردی اورفوجی آپریشن مسائل کاحل نہیں۔ وسائل پر اختیار ،لاپتہ افرادکی بازیابی ،روزگارکی فراہمی ،بارڈربندش کا خاتمہ اورسی پیک ودیگر پراجیکٹ کے ثمرات عوام کو دینے پڑیں گے۔ عوامی قیادت کو حکمرانی دینے سے مسائل ،بدامنی ،دہشتگردی ،احساس محرومی اورغربت میں کمی آسکتی ہے ۔تقریب میں یتیم بچوں کیساتھ ان سرپرستوں مائوں، بہنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر پارلیمانی لیڈر پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجیدبادینی ،بی آرایس پی کے طاہر رشید ،ایچ ایچ آرڈی کے افتخاراحمدکاکڑ،الخدمت فائونڈیشن کے طیب فرید خان ،امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بدعنوانی ،مہنگائی ،کرپشن وکمیشن ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ کوئٹہ لاکھوں کی آبادی ہے مگر پینے کاپانی تک دستیاب نہیں۔بلوچستان کے دوردرازعلاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، گیس وبجلی فراہم کرکے ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تعلیم وصحت کے اداروں کو فعال ومنظم کرنے کی ضرورت ہے ۔حکومت کے ساتھ دیانتدارانتظامیہ حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔حکومت نے عوام کورمضان پیکیج نہیں دیا۔ مخیر حضرات ،تاجر برادری ،پریشان حال عوام ،غرباء ومساکین کی مددیقینی بنائیں۔
اسرائیل نے غزہ،بیت المقدس کے فلسطینیوں کی نسل کشی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اورمسلم حکمران تماشادیکھ رہے ہیں ۔الخدمت فائونڈیشن اپنے پریشان حال عوام کی مدد کیساتھ غزہ ،فلسطین کے مظلوم تک بھی مددپہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مخیر حضرات الخدمت فائونڈیشن کے پراجیکٹس میں ساتھ دیں ۔جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کے پلیٹ کے فارم سے غرباء و مساکین ،یتیموں اور بیوائوں کی مددکر رہی ہے ۔ مخیر حضرات ،تاجر برادری وعوام مساکین و مستحقین کی مددکیلئے جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیں ۔