پشاور(صباح نیوز)ملک میں شدید ترین مہنگائی کے خلاف خیبرپختونخو ا کے وکلاءکل ہڑتال کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا بار کونسل نے روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج بروز پیر صوبے بھر میں عدالتو ں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور تمام ضلعی و تحصیل بار ز ایسوسی ایشنز کو احتجاج منعقد کرنے کی استدعا کی ہے ۔
خیبرپختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین نعیم الدین خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین حاجی ظفر اقبال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب عوام شدید متاثر ہورہے ہیں ۔موجودہ حکومت نے جودعوے کئے تھے اس کے برعکس عوام کو مزید مقروض بنا دیا ہے جبکہ ملک میں اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کیاگیا ہے ۔
حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے ۔